Monday, February 27, 2012

غزل : وہ پہلے قتل پھر اس پر ملال کرتا ہے | تمھارے شہر کا قاتل کمال کرتا ہے

وہ پہلے قتل پھر اس پر ملال کرتا ہے
تمھارے شہر کا قاتل کمال کرتا ہے
خلوص، پیار، وفا شاعری کی باتیں ہیں
جہاں میں کون کسی کا خیال کرتا ہے
مری زبان ہے جس کے جواب سے محروم
وہ بار بار وہی اک سوال کرتا ہے
وہ جس کی یاد میں گزرے ہے زندگی اپنی
کبھی کبھی وہ ہمارا خیال کرتا ہے
ہے دوستی پہ تمھیں ناز جس کی اے فرحت
وہ دشمنی بھی بڑی بے مثال کرتا ہے
______________

Ghazal by Farhat Badayuni

Tuesday, February 14, 2012

غزل : کہیں پہ گِر کے کہیں پہ سنبھل کے دیکھ چکے | تری بتائی ہر اک راہ چل کے دیکھ چکے

کہیں پہ گِر کے کہیں پہ سنبھل کے دیکھ چکے
تری بتائی ہر اک راہ چل کے دیکھ چکے


اب اپنے بارے میں کچھ ہم کو سوچ لینے دو
پرائی آگ میں سو بار جل کے دیکھ چکے


شبِ فراق میں کب کس کو چین آتا ہے
ہر ایک طرح سے کروٹ بدل کے دیکھ چکے
______________

Farhat Badayuni

Friday, February 3, 2012

غزل : نہ جانے آج وہ کس طرح سے مِلا مجھ سے | مجھے بھی اس سے گِلا اس کو بھی گِلا مجھ سے

نہ جانے آج وہ کس طرح سے مِلا مجھ سے
مجھے بھی اس سے گِلا اس کو بھی گِلا مجھ سے

عجیب بات ہے وہ بھی دعائیں دیتے ہیں
جنھیں کسی بھی طرح کا نہیں صلہ مجھ سے

میں سوچتا تھا کہ سارے پہاڑ ڈھو دوں گا
یہ اور بات ہے تنکا نہیں ہلا مجھ سے
____________
Farhat Badayuni