Tuesday, November 12, 2013

ہمیں تو جان سے اس پر نثار ہونا تھا

ہمیں تو جان سے اس پر نثار ہونا تھا
یہ حادثہ بھی فقط ایک بار ہونا تھا

قضا سے خود کو بھلا ھم بچائیں گے کب تک
ہمیں بھی ایک دن اس کا شکار ہونا تھا

فرحت  بدایونی
_______________________

Farhat Badayuni Poetry
A Qata by Aziz Rafi Farhat Badayuni

Tuesday, July 9, 2013

اٹھا تھا ذہن سے اور دل سے جاکے ٹکرایا

اٹھا تھا ذہن سے اور دل سے جاکے ٹکرایا
ترا خیال بھی آیا تو کس طرح آیا


سپردِ خاک ہوا تب کہیں سمجھ پایا
یہ وہ جگہ ہے جہاں پر نہیں مرا سایا
_________________

Farhat Badayuni Poetry
A Qata by Aziz Rafi Farhat Badayuni

Wednesday, February 6, 2013

کیا کہہ دیا ہے میں نے جو گھبرا رہے ہیں آپ

کیا کہہ دیا ہے میں نے جو گھبرا رہے ہیں آپ

آئینہ دیکھ دیکھ کے شرما رہے ہیں آپ

دیکھا ہے خواب میں کہ ہے منزل بہت قریب

سب بندشوں کو توڑے چلے آ رہے ہیں آپ
_________________

Farhat Badayuni Poetry

Thursday, November 8, 2012

ہم نوا بھی رقیب لگتا ہے

ہم نوا بھی رقیب لگتا ہے
اب تو سب کچھ عجیب لگتا ہے
اِس لئے اُس کو چاند کہتا ہوں
دور ہوکر قریب لگتا ہے
_______________

Farhat Badayuni Poetry

Saturday, October 13, 2012

گیت : آج کسی سے پیار ہوا ہے

آج کسی سے پیار ہوا ہے
وہ بھی پہلی بار ہوا ہے

دنیا سے جب دل گھبراۓ
تنہا رہنے کو لالچاۓ
ہم کو اسی کی یاد ستائے
جس سے ابھی اِنکار ہوا ہے
تب سے سمجھ لو پیار ہوا ہے
وہ بھی پہلی بار ہوا ہے

خوابوں میں ہر رات وہ آئے
دل کی بات زباں تک لائے
پھر بھی اس سے کہہ نہ پائے
تب یہ سمجھ لو پیار ہوا ہے
وہ بھی پہلی بار ہوا ہے

کر کے اشارہ اُسے بلاؤ
دل کی بات زباں تک لاؤ
اور اسی سے کہہ نہ پاؤ
ایسے کہیں اظہار ہوا ہے
تم کو کسی سے پیار ہوا ہے
وہ بھی پہلی بار ہوا ہے

ملتا ہو جو نظریں جھکائے
بات کرے تو شرما جائے
کبھی ہنسے اور کبھی رُلائے
جس دن سے دیدار ہوا ہے
تب یہ سمجھ لو پیار ہوا ہے
وہ بھی پہلی بار ہوا ہے
__________
 
Farhat Badayuni
A Geet by Farhat Badayuni
 

Tuesday, September 11, 2012

گیت : یار سے اپنے ڈرتے رہیے

یار سے اپنے ڈرتے رہیے
جو بھی کہے وہ کرتے رہیے

یار بِنا گھربار ہے سونا
یہ سارا سنسار ہے سونا
حسن کا یہ بازار ہے سونا
پیار میں آہیں بھرتے رہیے
یار سے اپنے ڈرتے رہیے
جو بھی کہے وہ کرتے رہیے

جس دن سے وہ ملا نہیں ہے
پھول چمن میں کھلا نہیں ہے
ہمیں کوئی پر گلہ نہیں ہے
پیار میں جیتے مرتے رہیے
یار سے اپنے ڈرتے رہیے
جو بھی کہے وہ کرتے رہیے

دنیا بھر سے اسے چھپاؤ
یار کو دل کی بات بتاؤ
دل کا ہر اک داغ دکھاؤ
اُس کے دل میں اُترتے رہیے
یار سے اپنے ڈرتے رہیے
جو بھی کہے وہ کرتے رہیے
____________

A Geet by Farhat Bdayuni

Tuesday, July 10, 2012

گیت : دیکھے تھے کچھ پیار کے سپنے

دیکھے تھے کچھ پیار کے سپنے
دل کے اور دلدار کے سپنے

دیکھا تھا کوئی پیار کرے گا
چھپ چھپ کے دیدار کرے گا
شرما کے اقرار کرے گا
دنیا سے تکرار کرے گا
دیکھے تھے کچھ پیار کے سپنے
دل کے اور دلدار کے سپنے


دیکھا تھا ہریالی ہوگی
گھر ہوگا گھر والی ہوگی
سندر سی اک سالی ہوگی
ہر دن اک دیوالی ہوگی
دیکھے تھے کچھ پیار کے سپنے
دل کے اور دلدار کے سپنے


کب دیکھا تھا روتے ہوں گے
آنسو چہرہ دھوتے ہوں گے
اپنے جدا نہیں ہوتے ہوں گے
جاگتے ھم وہ سوتے ہوں گے
جو دیکھے تھے پیار کے سپنے
وہ سب تھے بے کار کے سپنے


آنکھ کُھلی تو تنہائی تھی
دور بج رہی شہنائی تھی
رخصت کرنے کو آئی تھی
وہ بھی اُس کی پرچھائیں تھی
جو دیکھے تھے پیار کے سپنے
دل کے اور دلدار کے سپنے
وہ سب تھے بے کار کے سپنے
____________
 
Farhat Badayuni Poetry
Dreams by Farhat Badayuni